نئی دہلی، 25؍اگست(آئی این ایس انڈیا ) ملک کے مخصو ص حالات کے تحت11,12,13نومبر کوہونے والےجمعیۃ علماء ہند کے تینتیسواں اجلاس عام کو خاص بنانے کی تیاری شروع ہو گئی ہے ، اتحاد ملت اور دیگر مسائل پر ایک موثر پیغام دینے کے لیے اجمیر شریف کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ آج یوتھ آواس اجمیر میں اس سلسلے کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی ، جس میں جمعیۃ علماء راجستھان کے ذمہ داران شریک ہوئے ، مرکز سے مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند موجود تھے ۔اس میٹنگ کی صدارت مولانا قاری محمد امین صدر ریاستی جمعےۃ علماء نے کی ، جب کہ پروگرام کے سلسلے میں تفصیلی گفتگو اور لائحہ عمل ریاستی جنرل سکریٹری مولانا عبدالواحد کھتری نے پیش کی ۔
مولانا عبدالواحد کھتری نے بتایا کہ جمعیۃ علماء ہند کے رہنماء اور جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی ہدایت پر اجلاس کے لیے کائد وشرام استھل جیسا وسیع وعریض میدان منتخب کیا گیا ہے ، یہ میدان ایک125 بیگھہ زمین پر مشتمل ہے ، جس میں ہر طرح کی سہولت موجود ہے ، 80؍بیگھہ میں الگ سے پارکنگ کا بھی نظم ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اجمیر پوری دنیا میں امن اور بھائی چارہ کے لیے مشہور ہے،اس لیے یہاں سے جو پیغام جائے اس کا تناظر کافی وسیع ہو گا ۔ اس میٹنگ میں اجلاس کے انعقاد کے لیے ضروری امور پر بحث ہوئی اور لوگوں میں مقامی طور پر ذمہ داری تقسیم کی گئی ۔ اس پروگرام میں پوری ریاست سے تقریبا تین سو ذمہ داران شریک ہوئے ،اہم شرکاء میں مولانا شبیر نائب صدر جمعیۃ علماء راجستھان، مولانا حنیف نائب صدر جمعیۃ علماء راجستھان ، مولانا ارشد سکریٹری ، مولانا علیم الدین اجمیری آرگنائزر جمعےۃ علماء ہند ، مولانا قمرالدین ، مولانا ایوب، مولانا یونس، مولانا اسعد سیکڑ، مولانا محمد، مولانا ایوب، مولانا عمر ، مولانا حبیب اللہ ، مفتی جمالدین ، مولانا رمضان ، مفتی شفیق احمد، مولانا ارشد، مولانا قطب الدین وغیرہ شامل ہیں۔